روزمرہ کے وہ ضروری کام جو آپ کو سیکھ لینا چاہییں

مانا کہ ہر فن مولا تو دینا پر کوئی بھی نہیں ہو سکتا لیکن زندگی میں کچھ کام ایسے ہیں جو ہر انسان کو ضرور آنے چاہئیں، ایسے کاموں کو سیکھنا زیادہ مشکل نہیں تاہم اگر وہ آپ کو نہیں آتے تو انہیں ضرور سیکھ لیں۔ ان چند کاموں میں کمرے کی صفائی ستھرائی سے لے کر استری کرنا، واشنگ مشین چلانا اور چھوٹا موٹا کھانا پکانا شامل ہیں۔ اگر کسی کا خیال ہے کہ یہ مشکل کام نہیں، اور جب ضرورت پڑے گی کر لوں گا تو ان کو رب پریشانی ہو سکتی ہے جب انہیں یہ چھوٹے موٹے کام بغیر کسی پریکٹس کے کرنا پڑیں۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ فروزن فوڈ کو کھانے کے قابل بنانا زیادہ مشکل کام نہیں اور ایسا کسی حد ہے بھی، لیکن ضروری نہیں کہ اکیلے رہتے ہوئے آپ فروزن اشیا ہی کھائیں، آپ کو کچھ نہ کچھ پکانا آنا چاہئے، جیسے انڈے بنانا، چائے بنانا یا سالن بنانا، اسی طرح اگرچہ روٹی دکانوں سے بھی لی جا سکتی ہے لیکن خود آٹا گوندھ کر بنائی جائے تو اور بھی اچھی بات ہے، اس لیے موقع پر ملے تو ایسے کاموں کی مشق کرتے رہا کریں۔
آپ کو یہ جاننے کی ضرورت نہیں کہ آپ کا فون یا کمپیوٹر کیسے کام کرتا ہے لیکن آپ کے پاس اس قدر مہارت ضرور ہونی چاہئے جس کی بدولت آپ ان چیزوں کا بہتر طور پر استعمال کر سکیں اور چھوٹے موٹے مسئلے کو بھی حل کر سکیں۔ اسی طرح آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ فون یا کمپیوٹر پر فائلز کا بیک اپ کیسے بنایا جاتا ہے، اسی طرح اگر بھول گئے ہیں تو آپ کے پاس کیا آپشنز ہیں، اپنی وائی فائی کو کیسے محفوظ بنانا ہے وغیرہ، ان کی ضرورت کسی بھی وقت پڑ سکتی ہے، اس لیے سیکھ لیجئے۔
اگر کسی کا خیال ہے گوگل کے پاس ہر بات کا جواب ہے تو ایسا نہیں جبکہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ موبائل اور لیپ ٹاپ ہوتے بھی گوگل تک رسائی کھو دیں۔ اسی طرح اگر آپ کے پاس نیٹ ہے بھی اور آپ کو کسی مطلوبہ بات کو جواب بھی مل رہا ہے تو ضروری نہیں وہ درست ہو کیونکہ وہ چیز کسی نہ کسی سورس اور لنک کے ذریعے آ رہی ہوتی ہے۔ آپ کو درست معلومات کے ذرائع اور معتبر پلیٹ فارمز کے بارے میں علم ہونا چاہئے، یہ ایک ضروری کام ہے جو سب کو سیکھنا چاہئے۔
اسی طرح اگر کسی کے پاس گاڑی نہ بھی ہو تو بھی اسے چلانا سیکھ لینا بہتر ہوتا ہے، زندگی کے کسی موڑ پر اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے، ایسی ہنگامی صورت حال بن سکتی ہے کہ گاڑی موجود بھی ہو، اس کو چلانا بھی ضروری ہو اور کسی کو نہ چلانا آتی ہو۔ تیراکی بھی ایسا ہی ایک اہم کام ہے جس کو سیکھنا ضروری ہے۔ چاہے کسی کو پولز، ساحلوں یا نہروں میں نہانے کا شوق نہیں بھی ہے پھر بھی سوئمنگ سیکھنی چاہئے کیونکہ اس کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
اسی طرح کسی ایمرجنسی کی صورت میں پہلا کام کیا کرنا ہے، اس کا علم ہونا بھی ضروری ہے، اگر کسی کو نہیں پتہ تو اسے جان لینا چاہئے، مثال کے طور پر آگ لگ جائے، کوئی شخص زخمی ہو جائے، یا کسی کو ہارٹ اٹیک ہو جائے تو فوری طبی امداد پہنچنے سے قبل نقصان کو کم رکھنے کے لیے کیا کچھ کیا جا سکتا ہے، اس کے بارے میں بھی آپ کو علم ہونا ضروری ہے۔
