دُلہا اور دُلہن کا شادی کی تقریب میں رقص رواج بن گیا

آج کل شادیوں کے دوران دُولہا اور دُلہن کا اپنی شادی پر ڈانس کرنا رواج کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، خاص طور پر سلیبرٹیز کی شادیوں میں اکثر دُولہا اور دُلہن کو ٹھمکے لگاتے دیکھا جاتا ہے، ایسا ہی کچھ سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان کی اداکارہ مریم انصاری سے شادی کے موقع پر بھی دیکھنے میں آیا، دونوں کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اویس خان اور اداکارہ مریم انصاری کی شادی تقریبات 20 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوئیں اور ان کی مایوں کی تقریبات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں اداکارہ کو سہیلیوں کے ہمراہ دیکھا گیا تھا، مایوں کی تقریبات کے بعد 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب مریم انصاری اور اویس خان کی شادی کی تقریبات کے لیے قوالی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دلہن کے بھائی علی انصاری اور ان کی منگیتر صبور علی سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
مریم انصاری اور اویس خان کی شادی کے استقبالیہ میں بھی شوبز کی متعدد شخصیات سمیت اسپورٹس شخصیات نے شرکت کی، جس کی ویڈیوز میں سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم، اداکارہ رمشا خان، صبور علی، کامیڈین شفاعت علی سمیت دیگر شخصیات کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، تقریب میں دُلہن کی جانب سے ان کے بھائی علی انصاری اور خود دُلہن نے بھی مختلف گیتوں پر رقص کیا جبکہ دولہے اویس خان کو بھی ڈانس کرتے دیکھا گیا۔
استقبالیے کے موقع پر مریم انصاری نے روایتی سرخ عروسی لباس پہن رکھا تھا جبکہ اویس خان نے سیاہ رنگ کا کرتا اور سرخ رنگ کی پگڑی پہن رکھی تھی، شادی کے موقع پر دُلہن کے بھائی اداکار علی انصاری جبکہ دُولہا کے والد معین خان کی خوشی دیدنی تھی۔ مریم انصاری اور اویس خان نے شادی کے استقبالیے کی تصاویر اور ویڈیوز فوری طور پر شیئر نہیں کیں، تاہم مریم انصاری نے 22 دسمبر کو اپنے مایوں کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، دونوں نے رواں برس فروری میں نکاح کرتے ہوئے جلد شادی کا عندیہ دیا تھا اور دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے تعلقات تھے۔
