بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کالاہورآنےکی خواہش کااظہار

بھارتی پنجاب کے معروف گلوکاردلجیت دوسانجھ نے ایک بار پھر پاکستان، خصوصاً لاہور سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دل سے لاہور آنا چاہتے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال ان کی اس خواہش کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران ایک پاکستانی مداح نے دلجیت دوسانجھ کو لاہور آنے کی دعوت دی، جس پر انہوں نے نہایت کھلے دل سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واقعی لاہور کی سیر کرنا چاہتے ہیں، لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود سیاسی حالات سب کے سامنے ہیں، اسی لیے اس خواہش کو عملی جامہ پہنانا ان کے لیے آسان نہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے مزید کہا کہ اگر وہ لاہور کا سفر کرتے ہیں تو انہیں بھارت کی جانب سے مختلف ممالک کے سفر کے حوالے سے پابندیوں یا دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے باعث ان کے لیے مستقبل میں بین الاقوامی سفر متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ خواہش کے باوجود وہ اس وقت لاہور نہیں آ سکتے۔
