2021 پاکستانی شوبز کے لئے شادیوں کا سال کیوں کہلایا؟

اگر سال 2021 کو پاکستانی شوبز شخصیات کے لیے شادیوں کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ آئیں آپ کو سال 2021 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اہم شوبز شخصیات کے حوالے سے بتاتے ہیں۔
معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے 2 جنوری 2021 کو ایک سابق پائلٹ فیصل ممتاز سے تیسری شادی کرنے لی۔ یاد رہے کہ یہ نادیہ خان کی بھی تیسری شادی تھی۔ ماڈل و اداکارہ ایمان سلیمان نے سال کے آغاز پر ہی 5 جنوری کو آرٹسٹ جمیل سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ شادی کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی رومانٹک کامیڈی ڈراما ’ڈولی کی آئی گی بارات‘ کے اداکار راحیل بٹ نے 10 فروری 2021 کو شادی کی۔
ماڈل و اداکارہ علیزے گبول نے 19 فروری کو خاموشی سے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دوسری شادی کی۔ آنگن‘ اور ’پریم گلی‘ جیسے ڈراموں کی ہدایت کاری دینے والے قاسم علی مرید نے پروڈیوسر سعدیہ جبار سے 2 مارچ کو شادی کی۔ ’موٹر سائیکل گرل، رانگ نمبر اور جوانی پھر نہیں آنی‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے خاموشی سے 22 مارچ کو کرکٹر شہزار محمد سے شادی کی۔
پاکستانی ٹک ٹاک اسٹارز کنول آفتاب اور ذوالقرنین 5 اپریل کو شادی کے بندھن میں بندھے۔ معروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر اور اداکارہ منشا پاشا نے 11 اپریل کو شادی کی۔ ’دیار دل’، ‘عشق بے نام’، ‘حیا کے دامن میں’، ‘کبھی بینڈ، کبھی باجا’، ‘یاریاں’، ‘محبت نہ کریو’، ‘جھوٹی’ اور ‘کچھ نہ کہو‘ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ مریم نفیس 12 مئی کو خاموشی رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ ’عشقاوے، بے شرم، بے انتہا، سن یارا، کبھی بینڈ کبھی باجا، کیوں کہ عشق برائے فروخت نہیں، دلربا اور سراب‘ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ غنا علی نے 17 مئی کو شادی کی۔
’دیوانے تیرے پیار کے، گھر کب آؤگے، لو میں گم، سایہ خدائے ذوالجلال، گوری دا نخرہ اور کشف‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ جیا علی 28 مئی کو خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں حالانکہ اب ان کی کافی عمر ہوچکی ہے۔ ‘دل بے خبر، یقین کا سفر، سنگ مرر اور نظر بد’ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرنے والی بینش راجا نے 10 اگست کو خاموشی سے شادی کی۔
پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں زیادہ تر مختصر کردار ادا کرنے والے اداکار عنایت خان نے 30 اگست کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے شادی کرلی۔
معروف اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے 11 ستمبر کو شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ ماڈل نیہا راجپوت اور سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر نے 25 ستمبر کو شادی کی۔ معروف اداکار عثمان مختار نے 23 اکتوبر کو زنیرہ انعام سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے 24 اکتوبر کو عائشہ بیگ سے شادی کی۔پاکستانی نژاد امریکی ہولی وڈ اداکار فاران طاہر اور پاکستانی اداکارہ زارا ترین 8 نومبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے۔ نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے 9 نومبر کو عصر ملک سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔
فیشن ماڈل و اداکارہ روبینہ خان نے 22 نومبر کو خاموشی سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ نامور اور سپر ماڈل مشک کلیم دیرینہ دوست اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ نادر ضیا سے 17 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ ٹک ٹاک اسٹارز ڈاکٹر مدیحہ خان اور ایم جے احسن نے 17 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے۔
اداکارہ مریم انصاری اور سابق قومی کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان 23 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے۔ پاکستانی نژاد ہولی وڈ اداکار 38 سالہ رز احمد نے 14 جنوری 2021 کو انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے خاموشی سے فاطمہ فرحین مرزا سے شادی کرلی ہے۔
