پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے انتخابات میں حصہ نہیں لینے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ علان کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ سیاسی حکمت عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی یک جہتی ہے، اس وقت آزاد کشمیر شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، طاقت کے استعمال سے قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، آزاد کشمیر کو اشیائے خورونوش کی ترسیل بند ہونے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
کور کمیٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جائے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو مجروح کیا جا رہا ہے، کشمیری عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبایا جا رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ اظہارِ رائے کی آزادی محدود اور میڈیا پر قدغنیں عائد ہیں، ایسے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے لہٰذا ہم انتخابات نہیں، کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
