سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں تاریخی کردار ادا کیا۔
اسلام آباد میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے چین کو غیر معمولی معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا، کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا اور دنیا کے لیے مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی نئی مثال قائم کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری ہے، جو باہمی اعتماد، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بنیادی مفادات کے احترام پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی جماعتوں کی سطح پر مسلسل رابطوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا اور عوامی روابط کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان بھی دیرینہ تعلقات موجود ہیں، جبکہ چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ روابط برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ رواں برس مئی میں بیجنگ میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں مختلف پاکستانی سیاسی جماعتوں نے بھی شرکت کی، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 2015 میں شروع ہونے والا چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگ میل ثابت ہوا۔ ان کے مطابق سی پیک نے پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے، سڑکوں کے جال کی توسیع، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت، زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے، جو حکومت کے “پانچ ایز” ترقیاتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

Back to top button