آزادکشمیرمہاجرین کو نشستوں سے محروم کرنا درست عمل نہیں،وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ مہاجرین نے پاکستان اور کشمیر کے لیے قربانیاں دیں، مہاجرین کو نشستوں سے محروم کرنا درست عمل نہیں۔

خواجہ آصف کانجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ  میں آزاد کشمیر میں جاری کشیدگی سے نکلنے کے حامی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگر بات چیت کرتے ہیں اور کوئی لائحہ عمل نکالتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی۔

وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا وہ کشمیریوں کو 3 حوالوں سے جانتے ہیں، ایک وہ کشمیری ہیں جو 75 سال سے مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں دے رہے ہیں، ان کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال محبت ہے، مقبوضہ کشمیر میں دی جانے والی قربانیاں کسی بھی آزادی کی تحریک میں سب سے نمایاں ہیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ دوسرے نمبر پر وہ لوگ ہیں جنہوں نے تقسیم کے وقت ہجرت کی، مقبوضہ کشمیر کی جیلوں کے بعد ہجرت کرنے والے قربانی میں دوسرے نمبر پر ہیں، ان قربانی دینے والے مہاجرین کی سیٹوں کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناتھا تیسری کیٹگری میں آزاد کشمیر کے رہنے والے ہیں، ازاد کشمیر کے رہنے والوں کی اپنی شناخت اور قربانیاں ہیں، پہلی دو کیٹگریز میں قربانیاں دینے والے کشمیریوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

خواجہ آصف نے کہا بھارتی پنجاب سے یہاں ہمارے ہاں لاکھوں لوگ آئے اور قربانیاں دیں، پنجاب میں بھی آنے والے مہاجرین کو مجھ پر فوقیت ہے، میرا خاندان، آباؤ اجداد سیالکوٹ میں تھے قربانیاں دینے والے مہاجر یہاں آئے، ہمیں بیٹھے ہوئے آزادی ملی لیکن جو مہاجرین آئے انہوں نے قربانیاں دی، جو مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں یا وادی میں جنگ لڑ رہے ہیں ان کا استحقاق زیادہ ہے۔

وزیردفاع نے کہا میر ا نقطہ نظر ہے 1947 کے بعد سے جتنی قربانیاں مقبوضہ کشمیر میں دی گئیں اتنی یہاں نہیں دی گئیں، موجودہ آزاد کشمیر کے رہنے والوں کو گھر بیٹھے ازادی ملی۔

 

Back to top button