ریحام خان نے سوشل میڈیا ناقدین کو کھری کھری کیوں سنا دیں؟

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے شوہر سے علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والے سوشل میڈیا صارفین کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’چاہے میں 12 بار شادی کروں یا 12 بار طلاق دوں اس سے آپ کا کوئی سروکار نہیں ہونا چاہئے‘‘ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے ریحام خان نے ’’ایکس‘‘ پر شیئر کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ٹوئٹ وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریحام خان اور ان کے شوہر مرزا بلال کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر مجھ سے متعلق کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ ہیں جس کی وجہ سے میرے دوستوں نے مجھے فون کالز بھی کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں ایسی جعلی خبریں کون پھیلا رہا ہے، حالانکہ وہ انہیں زیادہ اہمیت دینے کی زحمت نہیں کرتیں، اپنے شوہر مرزا بلال کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنے اور مرزا بلال کے درمیان علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’چاہے میں 12 بار شادی کروں یا 12 بار طلاق دوں، آپ سے مطلب؟ اپنے کام سے کام رکھیئے، اگر اتنی توجہ آپ اپنی ازدواجی زندگی میں دے دیتے، یا کیریئر، بچوں اور بہن کی شادی پر دے دیتے تو صورتحال مختلف ہوتی، اسی دوران مرزا بلال نے نام لیے بغیر سیاسی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان تمام مغلظات کا تعلق ایک ہی پارٹی سے ہوتا ہے، یہ اگر چاہ رہے تھے کہ اس خبر کو پھیلا کر دوسری خبر کو چھپا لیں تو یہ ترکیب پرانی ہو چکی ہے، میں ہمیشہ صیح فیصلے کرتی ہوں اور الحمداللہ میں خوش ہوں۔ ماضی میں بی بی سی اور دیگر اداروں سے بحیثیت براڈ کاسٹر وابستہ رہنے والی 50 سالہ صحافی ریحام خان نے دسمبر 2022 میں 36 سالہ مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کی تھی، تاہم مرزا بلال کی بھی ریحام خان سے تیسری شادی ہے، ریحام خان نے پہلی شادی 1990 میں کی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی، انہیں پہلی شادی سے 3 جواں سالہ بچے بھی ہیں جوکہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔انہوں نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے کی تھی مگر 10 ماہ بعد ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہوگئی تھی، عمران خان سے شادی اور طلاق کے بعد ہی ریحام خان کو عالمی سطح پر شہرت ملی، وہ فلم پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں۔
