ریشم نے ’’ڈپریشن‘‘ کو اللہ سے دوری کا نتیجہ قرار دیدیا

اداکارہ ریشم ’’ڈپریشن‘‘ کے مرض کو اللہ تعالیٰ سے دوری کا نتیجہ قرار دینے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئیں، اداکارہ نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ میرے نزدیک انسان سے جڑے اکثریتی مسائل کا حل اللہ تعالیٰ سے جڑے رہنے میں مضمر ہے۔

اداکارہ ریشم نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کی رمضان کی خصوصی نشریات میں شرکت کی جہاں ان سے ڈپریشن سے متعلق پوچھا گیا، اداکارہ نے جواب دیا کہ میرے خیال میں ڈپریشن کچھ نہیں ہوتا ،یہ اللہ سے دوری کا نام ہے۔

ریشم نے کہا کہ میرے ماں باپ نہیں تھے، بچپن سے بڑی بہن نے پرورش کی لیکن جب بھی والدین کی یاد آتی میں اللہ سے رجوع کرتی، انسان جو مرضی محسوس کرے، اسے چاہئے کہ اللہ کے آگے سر جھکا کے روئے، اس سے مانگے۔

اداکارہ کی جانب سے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے کہ ڈپریشن ایک بیماری ہے، تاہم اب ریشم نے وائرل کلپ انسٹا گرام پر شیئر کیا اور وضاحت پیش کی۔

انہوں نے لکھا ہر انسان کی اپنی سوچ ہوتی ہے اور میرے نزدیک ہر مسئلے کا حل اللہ سے محبت اور اللہ سے لگاؤ میں ہے، پھر چاہے وہ ڈپریشن ہو یا کوئی اور مسئلہ۔ اداکارہ نے کہا شاید کچھ لوگوں کو میری بات سمجھ نہیں آئی، گہری باتیں ہر ایک کو سمجھ آتی بھی نہیں، تنقید کرنے والوں کو میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اپنی انرجی کسی مثبت چیز کے لیے سنبھال کر رکھیں، اللہ آپ سب کو خوش رکھے آمین’۔

دوسری جانب پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور میزبان متھیرا نے اداکارہ ریشم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ براہ کرم لوگوں کو الجھن میں نہ ڈالیں، اگر ڈپریشن کے مسائل آئیں تو معالج کے پاس جانا ٹھیک ہے جبکہ دوا لینا بھی ضروری ہے، دماغی بیماری ہوتی ہے، یہ لوگ اللہ تعالیٰ کے قریب بھی ہوتے ہیں اور پھر بھی ڈپریشن کا شکار ہو سکتے ہیں، بعض اوقات کچھ بڑے صدمات گھبراہٹ کے حملوں کو ٹھیک نہیں کرتے۔

انھوں نے کہا کہ ہر مسئلے یا مرض کا روحانی حل نہیں ہوتا ہے، ہمیں کسی بھی بیماری، ڈپریشن یا ذہنی تنائو کے حوالے سے متعلقہ ماہر طب سے مشورہ کرنا چاہئے، عبادت اپنی جگہ پر ہے جبکہ علاج اپنی جگہ پر ہے۔

Back to top button