سعودی عرب نے اسرائیلی پروازوں کیلئے اپنی حدود بند کردیں

سعودی عرب نے اسرائیل سے دبئی جانے والے طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اسرائیلی ایئرلائن کے طیارے کو تل ابیب سے دبئی کے لیے پرواز بھرنی تھی جس کے لیے طیارے کو سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنا تھی تاہم سعودی حکومت نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے منع کردیا۔س سے قبل اسرائیلی طیارے براستہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات آتے جاتے رہیں تاہم اس بار سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں ملی جس کے باعث طیارے کو پانچ گھنٹے تک تل ابیب ایئرپورٹ پر انتطار کے بعد پرواز منسوخ کرنا پڑی۔
اسرائیلی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے فضائی حدود کے استعمال سے منع کیوں کیا اس کی وجہ معلوم نہیں لیکن اسرائیلی وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے اسرائیلی پروازوں کیلئے اپنی حدود بند کردی ہیں اور یہ پیشرفت غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب نے اسرائیلی طیاروں کو یو اے ای کے لیے اپنی حدود سے گزرنے کی اجازت دیدی تھی۔

Back to top button