آزاد کشمیر انتخابات:میرپورڈویژن میں ن لیگ کو8،پیپلز پارٹی کو 5 پر برتری

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپورڈویژن کے13حلقوں میں سے مسلم لیگ ن کو 8 حلقوں میں برتری حاصل،5 حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی ن لیگ سے آگے ہے۔

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں قائم 13 حلقوں میں ووٹنگ کا انعقاد مکمل ہوا۔ شام 5 بجے مقررہ وقت پر پولنگ بند ہونا تھی، تاہم ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر مزید ایک گھنٹے کی توسیع دی گئی، جس کے بعد ووٹنگ کا سلسلہ 6 بجے تک جاری رہا۔

آزاد جموں کشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو رہے ہیں، جن کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جسے ناظرین جمہوری تسلسل اور آزاد کشمیر کے عوام کے پاکستان سے قلبی لگاؤ کا مظہر قرار دے رہے ہیں۔

حلقہ ایل اے ون، میرپور ون کا نتیجہ

حلقہ ‘ایل اے ون میرپور ون’ سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اظہر صادق 1692 ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد افسر شاہد 1482 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں

حلقہ ایل اے 5، بھمبر میں کانٹے دار مقابلہ

حلقہ ‘ایل اے 5  بھمبر’ کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد 2545 ووٹ لے کر برتری پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 2145 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 7 ، بھمبر 3 میں مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کامیابی

حلقہ ‘ایل اے 7  بھمبر تھری’ کے 81 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے طارق فاروق نمایاں برتری کے ساتھ 14560 ووٹ لے کر سرفہرست ہیں، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 9280 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 8 ، کوٹلی ون میں پیپلز پارٹی کی سبقت

حلقہ ‘ایل اے 8 کوٹلی ون’ کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 1221 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز 1174 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

آزاد کشمیر کے عوام نے ایک بار پھر بھرپور تعداد میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کے آئینی و جمہوری نظام کے ساتھ ان کی وابستگی مزید مضبوط ہوئی ہے۔

 

 

 

 

Back to top button