کویتی وزیرخارجہ کل پاکستان پہنچیں گے

کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کل پاکستان پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سےجاری بیان کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔کویت کے وزیرخارجہ 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق شیخ جراح جابر الاحمد الصباح پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ 18 جولائی کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اپنے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی۔
اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو سراہا تھا۔
