پاکستان کی سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے پر کیے گئے ڈرون حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے، اس نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائیاں پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ نے سعودی خام تیل کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انصار اللّٰہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی شہر ینبع میں خام تیل کی سپلائی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان انصار اللّٰہ کے مطابق سعودی تنصیبات پر یہ حملہ سعودی ڈرونز کی جانب سے یمن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں کیا گیا۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے اور ریاض میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
