سمندری طوفان کا رخ تبدیل ، کراچی محفوظ رہا

بحیرہ عرب میں‌ بننے والے سمندری طوفان کا کراچی کی طرف آتے ہوئے راستے میں‌ ہی رخ مسقط کے ساحل کی طرف ہو گیا جس کے بعد کراچی سے طوفان کے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا ہے .

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کا امکان بھی ختم ہو گیا ہے ۔ یو ایس جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر پرل ہاربر کی تازہ رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے دور ہورہا ہے ، طوفانی بارش کا امکان بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہوسکتا ہے۔

سمندری طوفان کی شدت میں کمی کے باعث شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم دوپہر تک موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ،

دوسری جانب کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری جس کے باعث مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کر دیا ، کمشنر کراچی نے عام تعطیل کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں 24.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، پی اے ایف فیصل بیس پر 20 ، بیس مسرور پر 19 ، ڈیفنس فیز 2 میں 17.6، یونیورسٹی روڈ پر 9.1 اور سعدی ٹاون میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

Back to top button