سنتھیا نے وزارت داخلہ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے وزارت داخلہ کی طرف سے ان کا ویزہ مسترد کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سنتھیا ڈی رچی کی طرف سے وزارت داخلہ کے 2 ستمبر کے فیصلے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروادی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کو ان کے ورک ویزہ میں توسیع کا حکم دیا جائے کیوں کہ متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کے باوجود ویزہ دینے سے انکار کیا گیا، درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ڈپٹی سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے ویزہ درخواست مسترد کرنے کے حوالے سے وزارت داخلہ کے فیصلے کو چینلج کرنے کا اعلان کیا تھا۔


ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں سنتھیا ڈی رچی نے کہا تھا کہ میرے پاکستان میں 10 سال سے زائد قیام کے دوران وزارت داخلہ کی طرف سے پہلی بار ویزہ توسیع کی درخواست کو مسترد کیا گیا جو کسی جانے مانے پریشر کا نتیجہ ہے، میں اپنا اپیل کا حق استعمال کرتے ہوئے اس فیصلے کو چیلنج کروں گی جس میں ویزہ درخواست مسترد کرنے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی، امید ہے اعلیٰ سطح پر میری درخواست کو سنا جائے گا اور اس کے میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے ویزہ جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی طرف سے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کو 15روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا تھا، پاکستان میں قیام کےلیے جاری ویزہ کی مدت ختم ہونے پر سنتھیا ڈی رچی کی طرف وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی جس میں انہوں نے ویزہ میں توسیع کا کہا تھا تاہم وزارت داخلہ کی طرف سے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سنتھیا ڈی رچی کو 15روز کے اندر اندر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button