کیمبرج نے اے لیول کا ریاضی کا آؤٹ شدہ پرچہ منسوخ کردیا

کیمبرج نے اے لیول کا ریاضی کا آؤٹ پرچہ منسوخ کردیا، 9 جون کو امتحان دوبارہ لیا جائے گا۔
29 اپریل کو کیمبرج انتظامی زون 3 اور 4 میں لیے گئے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس کے سوالیہ پرچے (9709/12) کے حوالے سے تازہ اطلاع سامنے آئی ہے۔
کیمبرج انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ سوالیہ پرچہ امتحانی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت سے پہلے شیئر کر دیا گیا تھا، تفصیلی جائزے کے بعد اس شیئرنگ کی نوعیت اور حد ایسی ہے کہ ہم اس پرچے کو حتمی امتحانی نتائج دینے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے اس لیے میتھمیٹکس (9709/12) کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ پرچہ امتحانی نتائج کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔
کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ متاثرہ طلبہ، ان کے خاندانوں اور اسکولوں کے لیے نہایت مایوس کن اور پریشان کن ہے، اس امتحانی پرچے کی چوری اور غیر مجاز شیئرنگ اب بھی ایک فعال تحقیقات کا حصہ ہے، ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔
