ایران نے امریکی فوجیوں کے سر کی قیمت لگادی

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایرانی فوج نے امریکی فوجیوں کو ہلاک یا گرفتار کرکے حکام کے حوالے کرنے والوں کےلیے بھاری انعام کا اعلان کردیا۔
ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی کے مطابق امریکی فوجی کو گرفتار یا ہلاک کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے شخص کو 30 ہزار ڈالر یا 5 ارب ایرانی تومان انعام دیا جائے گا، جب کہ اگر یہ کارروائی کسی خاتون کی جانب سے کی گئی تو انعام کی رقم دگنی کردی جائے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی درخواستوں کے بعد یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں امریکی زمینی فوج کی باقاعدہ تعیناتی کی اطلاع نہیں ہے، تاہم اپریل میں ایک امریکی طیارہ گرنے کے بعد امدادی کارروائی کےلیے امریکی اہلکار ایران میں داخل ہوئے تھے۔
ایرانی فوج کے سربراہ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج کو خلیج، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق بیانات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس اس اہم آبی گزرگاہ کے دفاع کےلیے مطلوبہ فورسز موجود ہیں۔
