شہبازشریف کاقطری ہم منصب سے ٹیلفونک رابطہ،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں آگےبڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف کوقطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گرم جوش اور خوش گوار گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیر قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
