سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا کس کرکٹر سے شادی کرنے والی ہیں؟

بالی ووڈ سٹار سنیل شیٹی کی بیٹی اداکارہ اتھیا شیٹی کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز کے ایل راہول سے شادی ہونے جا رہی ہے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اتھیا اور راہول جنوری کے آخری ہفتے میں شادی کر رہے ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات کا آغاز 21 جنوری سے ہوگا جبکہ شادی کھنڈالا میں واقع سنیل شیٹی کے بنگلے پر ہوگی جس میں خاص مہمانوں اور دوستوں کو مدعو کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اتھیا اور کے ایل راہول کی شادی کی تاریخ سامنے آ چکی ہے جو غلط نکلی۔
اداکار سنیل شیٹھی نے نیوز پورٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے اتھیا شیٹھی اور کے ایل راہل کی جلد شادی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی اداکار نے بتایا کہ وہ شادی کے لیے مناسب تاریخ کا انتخاب کر رہے ہیں، اتھیا شیٹھی اور راہل کی رضامندی کے بعد ہی سارے معاملات طے پائیں گے۔
بھارتی اداکارہ اتھیار شیٹھی اور بھارتی کرکٹ اوپنر کے ایل راہل گزشتہ تین سال سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں تاہم انہوں نے اپنے تعلق کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا، لیکن اتھیا شیٹھی کے بھائی آہن شیٹھی کی پہلی فلم کی خصوصی اسکرینگ پر اتھیا شیٹھی اور راہل پہلی بار میڈیا پر ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ واضح رہے کہ اداکارہ اتھیا شیٹی نے اپنے ایکٹنگ کیرئیر کا آغاز 2015 میں فلم ہیرو سے کیا تھا، فلم میں بہترین اداکاری پر اتھیا کو ہاٹسٹ پیئر کیٹیگری میں انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، اس کے بعد اداکارہ نے 2017 میں فلم مبارکاں اور 2019 میں موتی چور چکنا چور میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
اداکارہ اب تک بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے پر سٹارڈسٹ ایوارڈز، فلم فیئر ایوارڈز، سکرین ایوارڈ، ذی سینا ایوارڈز اور انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ انہیں لاجواب پرفارمنس پر بگ سٹار انٹرٹینمنٹ ایوارڈز اور پروڈیوسر گلڈ فلم ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
