سینئر صحافی عامر میر کی گرفتاری کیخلاف پنجاب بھر میں صحافیوں کا احتجاج

سینئر صحافی عامر میر اور عمران شفقت کی ایف آئی اے سائبر ونگ کی  جانب سے گرفتاری کے خلاف لاہور ، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید احتجاج کیا گیا ، صحافی برادری نے سینئر صحافیوں کی گرفتاریوں کو آزاد صحافت اور صحافیوں  کی  آواز کو دبانے کے متراد ف قرار دیا۔

لاہور میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کی قیادت میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے پریس کلب کے باہر جمع ہو کر حکومت اور ایف آئی اے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ، اس موقع پر فضا ڈنڈے لاٹھی کی سرکار نہیں چلے گی ، غنڈہ گردی نا منظور کے نعروں سے گونجتی رہی ۔

اس موقع پر پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے عہدیداران نے بھی پریس کلب کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی احتجاج کی اس تحریک میں شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں ، صحافی برادری نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئندہ صحافیوں کی گرفتاری اور ان کو زدو کوب کرنے کے سیکیورٹی حکام کے ہتھکنڈوں کے خلاف اقدامات کو یقینی بنائے ۔

اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بھی صحافیوں کی بڑی تعداد نے بینرز اٹھا کر سینئر صحافی عامر میر کی گرفتاری کو بزدلانہ اور اوچھا ہتھکنڈا قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے اور صحافیوں کو گھروں سے اٹھانے کے ان اقدامات کی ہر فورم پر مذمت کرتے ہیں ۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی عامر میر کو ایف بی آئی سائبر کرائم نے ہفتے کی صبح آفس روانگی کے موقع پر حراست میں لیا اور اپنے ساتھ ایف آئی اے سائبر ونگ آفس لے گئے ، اس دوران ان کی گاڑی میں موجود اہم دستاویزات ، موبائل فون اور لیپ ٹاپ کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا ۔

Back to top button