سینیٹ الیکشن ترمیمی آرڈیننس سپریم کورٹ کی رائے کے بعد ختم ہو چکا

اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 سپریم کورٹ کی رائے کے بعد ختم ہو چکا ہے۔
سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے بعد اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اب الیکشن کمیشن 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات میں عدالتی رائے پر عمل کرے، عدالت کی بیلٹ کی سیکریسی دائمی نا ہونے کی رائے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا سینیٹ انتخابات کے لیے عدالت نے واضح طور ٹیکنالوجی کے استعمال کا کہا ہے، ابھی بیلٹ پیپر چھپے نہیں، الیکشن کمیشن بیلٹ پیپر کو شناخت بنا سکتا ہے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی رائے کے بعد سینیٹ الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 اب ختم ہو چکا ہے کیوں کہ آرڈیننس عدالتی رائے سے مشروط تھا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا اور سپریم کورٹ سے اس حوالے سے رائے طلب کی تھی، سپریم کورٹ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنا دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button