سینیٹ میں بل کی مخالف آوازیں میوٹ کر دی گئیں

آرمی ترمیمی ایکٹ کی سینیٹ سے منظوری کے دوران حکومت نے سرکاری ٹی وی پر ایوان بالا کے اجلاس کی براہ راست نشر ہونے والی کارروائی کو بھی سنسر کر دیا۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے حوالے سے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کی کارروائی دیکھ کر عوام کے سر شرم سے جھک گئے کیونکہ اجلاس کے دوران آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری لیتے ہوئے جس وقت چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی بل کی حمایت میں ووٹنگ کیلئے آواز دیتے تو سینیٹ اراکین کی بلند آواز سنائی دیتی لیکن جیسے ہی صادق سنجرانی بل کی مخالفت کے حوالے سے اراکین سینیٹ کی رائے طلب کرتے تو پی ٹی وی پارلیمنٹ سے براہ راست نشر کی جانے والی کارروائی میں بل کی مخالفت میں اٹھنے والی آواز کو میوٹ کر دیا جاتا۔
سینیٹ اجلاس میں آرمی ایکٹ ترمیم بل کی منظوری کے حوالے سے جاری کارروائی کے دوران پی ٹی وی اتھارٹیز کو اس وقت شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جس وقت نشر کی جانے والی کارروائی کے دوران ایک وقت آیا جب بل کی مخالفت کے وقت آواز میوٹ کرنے کیلئے متعین شخص نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بل کی مخالفت میں اراکین سینیٹ کی رائے طلبی کے وقت ہی آواز غائب کردی جس سے صادق سنجرانی کی آواز بھی غائب ہو گئی۔
مقتدر قوتوں کے ہاتھوں اپنی مخالف آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے ان کو غائب کرنے کا سلسلہ تو جاری تھا ہی لیکن اب بلوں پر ووٹنگ کے دوران منتخب سیاسی آوازوں کو دبانے کے حوالے سے نئی جہت متعارف کروا دی ہے جو اس بات کا شاخسانہ ہے کہ اس ملک میں صرف نام نہاد قومی مفاد کے حق میں اٹھنے والی آواز ہی سرکاری ٹی وی پر سنائی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button