شاہ رخ گمنامی کے خوف سے ویب سیریز میں کام کرنے کو تیار

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے گمنامی کے خوف کا شکار ہو کر اب ایک ویب سیریز میں کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے نئے ویڈیو ایڈ نے ان کے ویب سیریز میں جلوہ گر ہونے کی خبروں کو گرما دیا ہے۔ بھارتی میڈیا میں شاہ رخ کی ممکنہ ویب سیریز پر بات کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ شاہ رخ نے ویڈیو ایڈ میں ’’پکچر تو ابھی باقی ہے دوستو‘‘ کہتے ہوئے مداحوں کو اس حوالے سے مزید بے چین کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی ہدایت کار کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے اس اشتہار کی ویڈیو شیئر کی تھی اور ٹوئیٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ بالی ووڈ کے بادشاہ کو بھی اپنی گمنامی کا خوف ہوگا۔کرن جوہر کی شیئر کی گئی ویڈیو دراصل ڈزنی پلس ہاٹ سٹار ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا اشتہار ہے۔ اس ویڈیو میں شاہ رخ خان کو اپنی بالکونی میں اداکار راجیش جیس کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے اور وہ اپنے گھر کے باہر موجود مداحوں کی جانب دیکھتے نظر آ رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں شاہ رخ خان پوچھتے ہیں کہ ‘دیکھا ہے کبھی کسی گھر کے باہر اتنے سارے فینز نظر آ رہے ہوں جس پر راجیش کہتے ہیں کہ نہیں سر ، ابھی تک تو نہیں دیکھا پر آگے کا کچھ کہہ نہیں سکتے۔ویڈیو میں راجیش جیس انہیں تجویز دیتے نظر آ رہے ہیں کہ باقی سب سٹارز کے ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر شوز اور فلمیں آ رہی ہیں نا’ جس پر شاہ رخ پوچھتے ہیں کہ کون کون سے؟ اس پر راجیش کہتے ہیں کہ ‘اجے، اکشے، سیف، سنجو بابا’۔ ویڈیو میں کنگ خان پوچھتے ہیں کہ ‘سب ہیں کیا؟’ اس پر راجیش کہتے ہیں کہ ‘سب تو نہیں ہیں’، شاہ رخ پوچھتے ہیں کہ ‘کون نہیں ہے؟’ تو جواب آتا ہے کہ ‘سر آپ’۔

اس ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر سب ہیں سوائے شاہ رخ اور ساتھ ہی ‘جاری ہے’ کہ نوٹ کے ساتھ ویڈیو اختتام پذیر ہوگئی۔ بعدازاں کرن جوہر کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے شاہ رخ نے لکھا کہ ‘پکچر تو ابھی باقی ہے میرے دوستو’۔شاہ رخ کے اس بیان کے بعد مداحوں کی جانب سے خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بالی وڈ کنگ بھی اب شاید ویب سیریز میں نظر آئیں۔
دوسری جانب ایک مقبول ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں باوثوق ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ شاہ رخ خان، ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ڈیجیٹل ڈیبیو کریں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ نے ایک ویب سیریز کا معاہدہ کیا ہے جو خصوصی طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر سٹریم کی جائے گی تاہم ویب سیریز کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔خیال رہے کہ مداحوں کو شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ کا بھی انتظار ہے جس کی شوٹنگ کافی عرصے سے دبئی میں جاری ہے اور ان کے ساتھ اس فلم میں سلمان خان اور دپیکا پڈوکون بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’پٹھان‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ سال کے اوائل یا رواں سال کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

Back to top button