شعیب ملک میدان کرکٹ کے بعد ماڈلنگ میں بھی چھا گئے


ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی اسٹار بیٹسمین شعیب ملک اس وقت کرکٹ کے میدان کے علاوہ ماڈلنگ کے میدان میں بھی جھنڈے گاڑتے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں شعیب ملک اور اداکارہ عائشہ عمر کا تشہیری فوٹوشوٹ وائرل ہونے کے بعد اب کرکٹر کا اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بھی ایک فوٹوشوٹ وائرل ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ شعیب ملک نے دو ہفتے قبل عائشہ عمر کے ہمراہ ایک سوئمنگ پول میں فوٹو شوٹ کروایا تھا، جس پر اداکارہ پر سخت تنقید بھی کی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گرم ہو گئی تھیں کہ دونوں شاید شادی کرنے جا رہے ہیں لیکن عائشہ نے کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے اور وہ صرف ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں۔ تاہم اب کرکٹر کا اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فیشن میگزین کے لیے کروایا گیا فوٹوشوٹ وائرل ہو رہا ہے، جس پر لوگ دونوں کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شعیب ملک اور ہانیہ عامر نے حال ہی میں فیشن میگزین ’ہیلو پاکستان‘ کے لیے فوٹوشوٹ کروایا، جس کی تصاویر میگزین سمیت کرکٹر اور اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ اس فوٹو شوٹ کی وائرل ہونے والی تصاویر میں کرکٹر اور اداکارہ کو فیشن ایبل لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ میگزین نے دونوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے شمارے میں دونوں کا انٹرویو شائع ہوگا اور دونوں کی تصویر سرورق کی زینت بھی بنے گی۔
اگرچہ فوٹوشوٹ کی وائرل ہونے والی تصاویر میں ہانیہ عامر اور شعیب ملک کو مناسب انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود لوگوں نے ان پر تنقید کی اور بعض افراد نے نامناسب کمنٹس بھی کیے۔ کرکٹر کا ہانیہ عامر کے ہمراہ فوٹوشوٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ حال ہی میں شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تیز ترین ففٹی بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بنے تھے۔ شعیب ملک نے 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں محض 18 گیندوں پر 54 رنز بنائے تھے۔شعیب ملک کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیے جانے کے بعد ہی عائشہ عمر نے 8 نومبر کو ان کے ساتھ کرائے گئے پرانے فوٹوشوٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی اور اب انہوں نے ہانیہ عامر کے ساتھ نیا فوٹوشوٹ شیئر کردیا۔

Back to top button