عمران خان سے ملاقاتیں بحال نہ ہوئیں توپارلیمنٹ نہیں چلنےدیں گے،اپوزیشن لیڈر

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ کہا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں عمران خان کا درست علاج نہ ہوا اور ملاقاتیں نہ کرائی گئیں تو پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دیں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہاکہ 8فروری کو نوجوان طبقے نے آپ کے سارے پلان الٹ دئیے، عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دئیے مگر اس جیتنے والی جماعت کو اقلیت میں بدل دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کبھی پارلیمان خرید کر بھی آتی ہے؟ مگر یہ پارلیمان خرید و فروخت سے وجود میں آئی ہے، اس ایوان کو اپوزیشن نے ناجائز سمجھتے ہوئے بھی چلانے کی کوشش کی مگر آپ کی حکومت اپوزیشن کو اس ایوان کو نہ چلنے دینے کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی رہی تو ہم سے گلہ نہ کرنا کہ پارلیمان نہیں چلنے دیا جارہا، چیئرمین پی ٹی آئی بیمار ہے تو اسے اسپتال منتقل کیوں نہیں کیا جاتا؟ ایک ہفتے میں بانی چیئرمین کا علاج کرائیں اور ملاقات کرائیں اگر ایک ہفتے میں عمران خان کو علاج اور ملاقات کی اجازت نہ دی تو یہ ایوان پھر نہیں چلے گا۔
