پروجیکٹ فریڈم‘ کی بحالی پر غور کررہا ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ابھی تک ’پروجیکٹ فریڈم‘ کی مکمل بحالی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے اس منصوبے کی وسیع پیمانے پر بحالی پر غور کررہا ہوں۔
امریکی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیاکہ اب ’پروجیکٹ فریڈم‘ صرف آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے ساتھ سیکیورٹی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کا دائرہ کار مزید وسیع ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہاکہ ایران یقینی طور پر ہتھیار ڈال دے گا، اور معاہدے پر آمادہ ہو جائے گا تاہم اس وقت تک اس پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مذاکرات کار چاہتے ہیں کہ افزودہ یورینیم کو نکالنے کے لیے ہم ان کی مدد کریں، کیونکہ ان کے پاس اسے سنبھالنے کی مکمل تکنیکی صلاحیت موجود نہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی پیش کردہ تجویز پر دیے گئے جواب کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے امریکی منصوبے کے جواب میں ایک متبادل تجویز پیش کی ہے، جس میں جنگی نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضے کا مطالبہ اور آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری کو تسلیم کرنے کی شرط شامل ہے۔

Back to top button