شعیب ملک نے ثنا جاوید سے دوسری شادی کب اور کہاں کی؟

کرکٹر شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی، شعیب ملک نے دوسری شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔کرکٹر شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں الحمد اللہ لکھا اور قرآنی آیت لکھی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ’ہم نے آپ کو جوڑوں میں بنایا‘۔تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ثنا جاوید نے دلہن کا لباس جبکہ شعیب ملک نے شیروانی زیب تن کی ہوئی ہے۔اداکارہ ثنا جاوید نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’ثنا جاوید‘ سے تبدیل کرکے ’ثنا شعیب ملک‘ رکھ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی دوسری شادی پر دونوں کے مداح حیران ہوگئے ہیں، سوشل میڈیا پر تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔شروع میں یہ سوچ کر لوگ دنگ رہ گئے کہ یہ جوڑا ایک شوٹ میں دکھایا گیا ہے، اس سے قبل بھی شعیب ملک کی تصاویر مختلف ماڈلز کے ساتھ دکھائی دی گئی تھیں، تاہم ثنا نے اپنا انسٹاگرام بائیو بدل کر ’ثناء شعیب ملک‘ کر دیا جس سے لوگوں کو تصدیق ہوگئی۔کرکٹر شعیب ملک کے خاندانی ذرائع نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی چند دن قبل کراچی میں ہوئی۔جس کے بعد شعیب ملک کے مینیجر ارسلان شاہ نے بھی ایکس پر خبر کی تصدیق کی اور لکھا کہ ہمارے پیارے سپر اسٹار شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ نکاح کیا ہے۔ نئے جوڑے کو خوشیوں اور مسرتوں سے بھری آگے کی زندگی کے لیے دعا گو ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں سپر سٹارز کی ایک دوسرے کے ساتھ دوسری شادی ہے، شعیب ملک کی پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار جبکہ ثنا جاوید نے پہلی شادی گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی۔البتہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان باقاعدہ طلاق کی تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم دونوں کی درمیان علیحدگی کی افواہیں کئی عرصے سے گردش کررہی تھیں۔
اسی طرح ثنا جاوید کی بھی عمیر جیسوال سے شادی کے کچھ ماہ بعد ہی طلاق کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں لیکن شعیب ملک سے شادی کے بعد ان کے درمیان علیحدگی سے تصدیق ہوگئی ہے۔
شعیب ملک کی ثنا جاوید سے دوسری شادی کے اعلان کے بعد مداح اور سوشل میڈیا صارفین حیران ہوگئے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’شعیب ملک‘، ’عمیر جیسوال‘ کے نام ٹاپ ٹرینڈنگ پر ہیں۔کئی صارفین نے ثنا جاوید کی عمیر جیسوال سے علیحدگی پر بھی حیران ہوئے۔
ایک صارف نے حیران ہوکر لکھا کہ ’یہ ضرور مزاق ہوگا‘، کسی نے لکھا کہ ’میں تو کسی برینڈ کا فوٹوشوٹ سمجھ رہا تھا‘۔
ایک صارف نے ثنا جاوید کی جانب سے نام ’ثنا شعیب ملک‘ میں تبدیل کرنے پر لکھا کہ ’پہلے شادی والی بات ابھی تک ہضم نہیں ہوئی اور اس نے نام بھی تبدیل کردیا۔‘
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ثانیہ سے ثنا تک کا سفر‘ ۔
شہریار ساجد نامی صارف نے لکھا کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید نے ایک دوسرے سے شادی کرلی ہے، یہ خبر انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دے گی’۔
عبدالرحمٰن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شعیب ملک نے دوبارہ شادی کرلی لیکن بابر اعظم نے ابھی تک شادی نہیں کی‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اب مجھے پتہ چلا کہ شعیب ملک جیتو پاکستان گیم شو میں آنے کے لیے اتنے پرجوش کیوں ہوتے تھے۔‘
ایک صارف نے فہد مصطفیٰ کے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ کی ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ شعیب ملک اور ثنا جاوید پہلے ہی شادی شدہ جوڑے جیسا برتاؤ کررہے تھے۔ ’
ایک صارف نے شعیب ملک پر تنقید اور ثانیہ مرزا کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک عورت نے اپنی پوری قوم کے خلاف جاتے ہوئے آپ سے شادی کی، لوگوں نے ان کی قومی وابستگی پر سوال اٹھایا اور ٹرولنگ کی کیونکہ انہوں نے آپ سے شادی کی تھی اور آپ نے انہیں دھوکا دیا۔‘
خیال رہے کہ ثنا جاوید کی 2020 میں عمیر جسوال سے شادی ہوئی تھی اور نومبر 2023 میں طلاق کی خبریں گردش کررہی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں کے درمیان طلاق کی افواہوں نے زور پکڑ لیا، اور دونوں نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی تصاویر شیئر کرنا بھی بند کر دیں۔
دوسری جانب سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جزباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جو چیز آپ کے دل کو تکلیف پہنچائے اس سے دوری اختیار کر لینی چاہیے۔ ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شادی اور طلاق سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے دونوں کو سخت فیصلہ قرار دیا تھا۔ثانیہ مرزا نے اپنی طلاق کی افواہوں کے بعد 17 جنوری کو انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ طلاق اور شادی دونوں ہی مشکل فیصلے ہیں لیکن ہر کسی کی اپنی مرضی ہوتی ہے کہ وہ کون سے مشکل فیصلے کا انتخاب کرتا ہے۔ٹینس اسٹار نے لکھا تھا کہ زندگی آسان نہیں ہوتی، یہ بہت مشکل ہوتی ہے لیکن ہر کوئی سمجھداری سے اپنے فیصلے اور انتخاب کر سکتا ہے۔
ثانیہ مرزا کی مذکورہ پوسٹ کے تین دن بعد شعیب ملک نے دوسری شادی کی تصدیق کی۔
