شمالی وزیرستان: بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 اہلکار شہید

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عیشام میں بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار نائب صوبیدار جاوید اقبال کا تعلق اٹک جبکہ نائیک حسین احمد کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔
بیان کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے اور تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 20 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
اس سے قبل 14 ستمبر کو بھی کرم کے علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے پاکستانی فوج پر خرلاچی کے علاقے میں فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کڑک علاقے کے رہائشی 32 سالہ نائیک محمد رحمٰن، جمرود سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ نائیک مویض خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
