شوبز سٹارز فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سامنے آ گئے

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عالمی شوبز شخصیات نے فسلطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں آواز بلند کی ہے، اسرائیل اور غزہ میں جنگ کے دوران اب تک 1100 سے زائد افراد ہلاک، سوا لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد متعدد ہالی ووڈ اور بالی وڈ شخصیات نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جلد امن قائم ہونے کی دعا کی، ہالی وڈ اداکار مارک رفالو نے اپنی ٹوئٹ میں حملوں سے متاثر غزہ کے شہریوں کو معصوم قرار دیتے ہوئے ان کی خیریت کی دعا کی۔الجزائر نژاد امریکی ماڈل یونس بیجما نے بھی فلسطینیوں کے حق میں انسٹاگرام پوسٹ کی اور اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ دنیا یوکرینی افراد کو آزادی کی جنگ لڑنے والے افراد لکھتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو دہشت گرد لکھا جاتا ہے؟نیوزی لینڈ کے رگبی کھلاڑی اور ماڈل سونی بل ولیمز نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی خیریت کی دعا اور اپنی ٹوئٹ میں فلسطین کا جھنڈا بھی شامل کیا۔بالی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے دوغلے پن پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ اب اندھے لوگوں کو کیسے اسرائیل پر حملے نظر آ رہے ہیں؟ بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسٹاگرام پوسٹ کی اور لوگوں کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اگر کسی نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے کبھی نہ ختم ہونے والے مظالم، گھروں پر قبضے اور حملے، بچوں، خواتین اور نوعمر افراد کے قتل، سکولوں، ہسپتالوں اور گھروں پر کی جانے والی بمباری پر کبھی دکھ اور افسوس کا اٖظہار نہیں کیا اور اب اسرائیل پر حماس کے حملوں پر انہیں دُکھ ہو رہا ہے تو وہ منافق لوگ ہیں۔دریں اثںا پاکستانی اداکارہ صبا قمر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے دنیا میں امن کو فروغ دینے کا پیغام دیا، اداکارہ صبا قمر نے ایکس پر ’’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا‘‘کا نعرہ لکھا۔ ’انسائڈر‘ کے مطابق یہ نعرہ دنیا بھر کے فلسطینیوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں دریائے اردن اور بحیرۂ روم مراد ہے، جو اسرائیل کی ریاست کی سیاسی سرحدیں ہیں، یاد رہے کہ فلسطینیوں کا مؤقف ہے کہ یہ نعرہ ان کے انسانی حقوق اور حقِ خود ارادیت کی تعبیر ہے۔اداکارہ ارمینہ خان نے لکھا کہ ’میری رائے میں فلسطینی دنیا میں سب سے بہادر لوگ ہیں، انہیں کسی کی سپورٹ نہیں ہے اور دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے، اداکارہ نے لکھا کہ وہ لوگ جو شاید نہیں جانتے کہ غزہ ایک کھلی جیل کی طرح ہے، وہاں رہنے والے لوگ آسانی سے اپنے گھر سے باہر نہیں جا سکتے اور انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے اور قتل کر دیئے جاتے ہیں اور پھر آپ کہتے ہیں کہ وہ ان مظالم کا جواب بھی نہ دیں؟اس کے علاوہ ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے انسٹا گرام سٹوری پر الجزیرہ کی خبر شئیر کی جس میں لکھا تھا کہ مصر کے شہر اسکندریہ میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی سیاح ہلاک ہوگئے، اس خبر پر انوشے اشرف نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’تشدد، تشدد کو جنم دیتا ہے، میری خواہش ہے کہ دنیا فلسطین کی مدد کرے تاکہ ہم اس طرح کی خونریزی نہ دیکھیں۔اس کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے سوال کیا کہ ظالم کب سے مظلوم ہو گیا؟ ظلم و ستم کی سالہا سال تاریخ سے اندھی دنیا کے لیے اب دیکھنا آسان ہوگیا ہے۔

Back to top button