شوکت ترین کے سینیٹر بننے کی راہ میں رکاوٹ ختم ہوگئی

پی ٹی آئی کے سینیٹر ایوب آفریدی کے استعفیٰ کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کی راہ ہموارہوگئی ہے کیونکہ چیئرمین سینیٹ نے ایوب آفریدی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایوب آفریدی کی نشست خالی ہونے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن خالی نشست پر 30 روز میں الیکشن کرانے کا پابند ہے۔
ایوب آفریدی کو وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز کی زمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے ، ایوب آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو استعفیٰ پیش کیا لیکن مشترکہ اجلاس کے باعث انتظار کا کہا گیا ہے ۔
ایوب آفریدی نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے موقع دیا تو قوم و ملک کی خدمت کروں گا۔
