فیڈر کے بجائے ٹرانسفارمز کی سطح پر لوڈ شیڈنگ ہوگی،اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نےکہا ہے کہ اقتصادی لوڈشیڈنگ کا مستقل حل یہ ہے کہ فیڈر کی سطح کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے۔
اویس لغاری کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھاکہ پاکستان میں مجموعی طور پر 14 ہزار فیڈرز ہیں، جن میں سے 3 ہزار 400 ایسے ہیں جہاں بجلی چوری زیادہ ہے اور ان فیڈرز پر سالانہ بنیادوں پر اقتصادی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا کہ ان ساڑھے 3 ہزار کے قریب فیڈرز پر 2 گھنٹے سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی لوڈشیڈنگ کا مستقل حل یہ ہے کہ فیڈر کی سطح کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے، تاکہ جو صارف بجلی کا بل ادا کرتا ہے اسے بجلی ملے اور جو بل ادا نہیں کرتا اسے بجلی نہ دی جائے، جبکہ پورے فیڈر کے صارفین کو سزا نہ بھگتنا پڑے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے تقریباً 60 ارب روپے کی لاگت سے 3 ہزار 400 فیڈرز پر ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ منتقل کرنے کا پروگرام ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں، جس پر کام شروع ہوچکا ہے۔
اویس لغاری کے مطابق یہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور اس منصوبے کو اگلے سال اگست تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپریل میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ سامنے آیا تھا، اس وقت پانی سے بجلی کی پیداوار کم تھی جبکہ ایران اور امریکا کی جنگ کے باعث گیس کی فراہمی کے معاملات بھی متاثر ہوئے تھے۔
