پنجاب میں خواتین کیلئےبلا سود قرضے کی منظوری

پنجاب حکومت نے صوبے میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور چھوٹے کاروباروں کے فروغ کے لیے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں اور 50 کروڑ روپے کے ریوالونگ فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔

اس سکیم کے تحت ہنرمند خواتین اور نئے کاروباری افراد کو 5 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پی ایس آئی سی ) کے 137 ویں بورڈ اجلاس میں، جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی، معاشی سرگرمیوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

منظور شدہ پالیسی کے مطابق نیا کاروبار شروع کرنے کے خواشمند افراد کو 1 کروڑ روپے تک جبکہ پہلے سے موجود کاروباری سیٹ اپ کی توسیع کے لیے 50 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین ہنرمندوں کو مالی خود مختاری فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں صوبے بھر میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے حافظ آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خانیوال اور اوکاڑہ میں نئے سمال انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

 

حکام نے تصدیق کی کہ ان مجوزہ صنعتی زونز کے لیے زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔

علاوہ ازیں، گوجرانوالہ میں صنعتی پارک کے قیام، پی ایس آئی سی کی غیر ضروری جائیدادوں کی نیلامی کے شیڈول اور مری میں ہینڈی کرافٹس ڈویلپمنٹ سینٹر کے بدلے جدید ہینڈی کرافٹس شاپ کے لیے متبادل جگہ کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔

Back to top button