پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت،موسمیاتی تبدیلی،انسداد دہشت گردی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب بشکیک میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژا پاروف نے بھی شرکت کی۔بعد ازاں دونوں سربراہان حکومت نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان اور جمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے،لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قراردینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے،دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کےخلاف مل کر کام کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک میں اتفاق رائے طے پایا،تعلیم،سائنس وٹیکنالوجی اور ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے،کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کےلیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئندہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کےلیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے، دوطرفہ تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دیناچاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے۔
اس موقع پر صدر کرغزستان صادر ژا پاروف کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتےہیں،پاکستان کے ساتھ برادارانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں،دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
لندن میں محسن نقوی کی صدر آصف زرداری سے ملاقات
صدر کرغزستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں کو مزید فروغ دیاجائے گا، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لےجانا چاہتے ہیں۔
