اسحاق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلولو بائیوو سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے،تجارت، سرمایہ کاری،توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت علاقائی و عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی کرغز صدر سے ملاقات سے قبل بشکیک میں ہوئی۔اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کامیاب صدارت اور مؤثر میزبانی پر مبارکباد پیش کی اور ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغز قیادت کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلولو بائیوو نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیاکہ پاکستان ایس سی او کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گا۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط
کرغز وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
