حکومت پنجاب کا کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم، گرفتاریاں شروع

 

 

 

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

پنجاب میں کرپشن،بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، جب کہ کرپشن کی نشاندہی اور شکایات کے فوری ازالے کےلیے خصوصی خفیہ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قائم خفیہ سیل کی رپورٹس براہِ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جا رہی ہیں، جب کہ کرپشن میں ملوث عناصر کےخلاف کارروائیاں اور رنگے ہاتھوں گرفتاریاں شروع ہونےکی اطلاع ہے، وزیر اعلیٰ نے کرپشن کے خلاف جاری کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا بھی فیصلہ کیاہے۔

 

کرپشن اور بدعنوانی کےخلاف عوامی شکایات کے اندراج کےلیے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جہاں کہیں کرپشن ہو،رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے،فوری اطلاع دی جائے،ہر شکایت پر کارروائی کی جائےگی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائےگا۔

مریم نواز نے کہاکہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بےنقاب کرسکتی ہے،لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی،کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے،جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھےگا اسے روکا جائےگا۔

وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں میں بھی شفافیت یقینی بنانے کےلیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لانے کی ہدایت کرتےہوئے ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قراردیا ہے،کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیاگیا ہے۔

ایکشن کمیٹی نے نوجوانوں کو فورسز پر حملوں کے لیے اکسایا: آزاد کشمیر پولیس

مریم نواز نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کےلیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیےگئے ہیں، اگر ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملےگی، انہوں نے واضح کیاکہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا اور عوام کا پیسہ خوردبرد کرنےوالا ہر شخص قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ اچھا کام کرنےوالے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کےلیے سی ایم میرٹ بیج کا نظام موجود ہے،جب کہ کرپشن کرنےوالوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی،کرپشن کے مقدمات میں عہدہ،تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچاسکے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور وہ اس پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔

Back to top button