افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، 15 ہلاک

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی ملک میں داخلے کی کوشش ناکام بناتےہوئے حمایت یافتہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی،پاک فوج نے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنادی،پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کےخلاف کارروائی 36 گھنٹے جاری رہی،ہلاک ہونےوالے خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ دہشت گرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے،افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے،مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کےلیے پرعزم ہیں، بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو ختم کرنے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیرملکی سرپرست اور حمایت یافتہ دہشت گردی ختم کرنے کےلیے انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنتہ الہندستان سے تعلق رکھنےوالے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاہے۔
پاکستان سے ٹکراؤ یا مذاکرات؟ طالبان حکومت کے بیانات کیوں بدلنے لگے؟
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت،صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتےہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی عزمِ استحکام مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
