قومی کرکٹ ٹیم کا برطانوی بادشاہ چارلس کو خصوصی بیٹ کا تحفہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے برطانوی بادشاہ چارلس کو خصوصی بیٹ کا تحفہ پیش کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ملاقات ہوئی، یہ ملاقات شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ہوئی۔
تقریب میں بادشاہ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے گفتگو کی، تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر برطانوی شاہ چارلس کو پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط والا خصوصی بیٹ پیش کیا گیا۔ یہ بیٹ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پیش کیا۔
بادشاہ چارلس نے چیئرمین پی سی بی سے پوچھا کہ کیا یہ بیٹ پاکستانی لکڑی سے بنا ہے؟ محسن نقوی نے کہا کہ یہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے تحفہ ہے۔
شاہ چارلس نے محسن نقوی سے ایران جنگ پر سوال کیا اور جنگ جاری رہنے پر اظہار حیرت بھی کیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ صورتحال ‘ایک قدم آگے اور ایک قدم پیچھے’ کے مصداق ہے۔
شاہ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ شاہ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں سے برطانیہ میں ان کے قیام، لندن کے موسم، فٹنس اور حالیہ کارکردگی کے بارے میں گفتگو کی اور آئندہ میچوں کے لیے حوصلہ افزائی بھی کی۔
