ہراسانی کیس:مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑکودبارہ نوٹسزجاری

این سی سی آئی اے نے ہراسانی کیس میں اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹسزجاری کردیئے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق نئےڈیجیٹل شواہد پر مومنہ اقبال اور ایم پی اے ثاقب چدھڑکو دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں جب کہ نئے شواہد آنے پر ازسرنو تحقیقات کے لیےخصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی بنا ئی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق خصوصی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹرعہدے کے افسر کریں گے، ٹیم نئے ڈیجیٹل شواہد، سابقہ ریکارڈ اور دیگر متعلقہ معلومات کا جائزہ لےگی۔

ترجمان نے کہا کہ ٹیم ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ ڈی جی کو دے گی اور  رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جے آئی نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں بے قصور قرار دیاہے۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی جہاں مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری درکار نہیں اور تفتیش میں دونوں کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ نے اپنی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کرتے ہوئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

دوسری جانب مومنہ اقبال کے وکیل نے تفتیشی عمل پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے انہیں اطلاع دیے بغیر مقدمے کی تفتیش تبدیل کر دی۔

وکیل مومنہ اقبال نے سوال اٹھایا کہ نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کیے بغیر ملزمان کو کیسے کلیئر قرار دے دیا؟

اداکارہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ سے متعلق ہراسانی اور دھمکیوں کے کیس میں دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑیں گی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اداکارہ نے کہا کہ  پہلے دن سے کہہ رہی ہوں کہ کیس کو جانبدار ہو کر نہ دیکھا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ کوئی لڑکی بے وقوف نہیں ہوتی کہ شادی سے 10 دن پہلے ایسی باتیں کرے، ان پر اعتبار کیا جنہوں نے کرسی پربیٹھ کر کہا تھا انہیں دونوں سائیڈ کی اسٹوری پتا ہے۔

مومنہ اقبال نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑوں گی، چاہے جس کو مرضی اپروچ کروالیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے  ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی تھی۔

Back to top button