شہباز شریف جو کوشش کرتے ہیں مریم اس پر جھاڑو پھیردیتی

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف جو کوشش بھی کرتے ہیں، مریم نواز اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں، جس فوج نے جانوں کی قربانی دی، اس پر الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز فوج کے خلاف بات کر رہی ہیں اور یہ ستم ظریفی ہے، یہ وہ فوج ہے جس نے جانوں کی قربانی دی ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں کیونکہ فوج جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں جلد یا بدیر اس کا جواب دینا ہوگا، اور آج یہ جہاں کھڑے ہیں اس کی وجہ بھی مریم ہیں۔

نواز شریف کے مفاہمت کے ارادے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کا وقت گزر کیا اور وہ ٹرین چھوڑ چکے ہیں اور ایکسپریس ٹرین مسافروں کا انتظار نہیں کرتی، شہبار شریف جو کوشش کرتے ہیں، مریم اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو سال بعد جب الیکشن ہوں گے تو میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی موجودہ صورتحال کو الیکشن کے لیے نئی الائنمنٹ دیکھ رہا ہوں، میں عمران خان کا ساتھی ہوں اس کے ساتھ آیا ہوں اس کے ساتھ جاؤں گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ، جھوٹ پر مبنی ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ نہ ہماری سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہو نہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو، وہ لوگ جو مختلف کیسز میں مطلوب ہیں اور دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں ان کے لیے الگ پیمانہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ نقل مکانی کرگئے ان کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی لیکن بات چیت شروع یا ختم ہونے کے حوالے سے میرے علم میں کچھ نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے معاملے پر انہوں نے اپنے پرانے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ جتنی ان کی آرمی نہیں ہے، ہم نے انہیں اس زیادہ سیکیورٹی فراہم کی تھی۔

Back to top button