شہزادہ اینڈریو کو 12 سال پرانا

امریکی عدالت نے ملکہ برطانیہ کے دوسرے بڑے بیٹے 61 سالہ شہزادہ اینڈریو کو خاتون کی جانب سے دائر کیے گئے ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے میں ریلیف دیتے ہوئے 12 سال پرانے ’سربمہر معاہدے‘ تک رسائی دینے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے ہدایات جاری کیں کہ شہزادہ اینڈریو کو 12 سال قبل ورجینیا رابرٹ گفی اور کاروباری شخص جیفری اپسٹن کے درمیان ہونے والے ’سربمہر معاہدے‘ تک رسائی دی جائے۔

’سربمہر معاہدہ‘ مذکورہ خاتون نے 2009 میں جیفری اپسٹن کے ساتھ کیا، جس کے تحت وہ کبھی بھی کسی بھی شخص کے خلاف کوئی مقدمہ دائر نہیں کریں گی، مذکورہ معاہدے کو کھولنے یا اسے دیکھنے کے لیے عدالتی اجازت لازمی تھی۔

تاہم اب مذکورہ خاتون نے 12 سال بعد شہزادہ اینڈریو پر مقدمہ کیا ہے اور برطانوی شہزادے کے وکلا کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاہدے کے تحت خاتون ان کے موکل پر کیس نہیں کر سکتیں۔

ورجینیا رابرٹ گفی کو کم عمری میں جیفری اپسٹن نامی امریکی صنعت کار نے امیر اور بااثر افراد کو جنسی لذت فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا تھا اور خاتون نے 2019 میں شہزادہ اینڈریو پر الزام لگایا تھا کہ ملکہ برطانیہ کے چھوٹے بیٹے نے ان کے ساتھ تین مرتبہ ’سیکس‘ کیا اور اس وقت وہ نابالغ تھیں۔
اس وقت خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ جیفری اپسٹن نے انہیں 1999 سے 2001 تک تین مختلف مواقع پر برطانوی شہزادے کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ کم از کم 3 مرتبہ ’جنسی تعلقات‘ قائم کیے، انہوں نے اس عمل کو ‘زبردستی‘ بھی قرار دیا تھا۔

شہزادہ اینڈریو پہلے دن سے خاتون کے الزامات کو مسترد کرتے آ رہے ہیں اور مذکورہ الزامات کے بعد مسئلہ سنگین ہوجانے پر انہوں نے شاہی ذمہ داریوں سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

شہزادہ اینڈریو کی جانب سے شاہی ذمہ داریوں سے مستعفی ہونے کے بعد رواں برس اگست میں ورجینیا رابرٹ گفی نے ان کے خلاف نیویارک کی عدالت میں جنسی استحصال کا سول مقدمہ دائر کیا تھا۔

جس کے بعد خاتون نے شہزادہ ایںڈریو کو قوانین کے تحت نوٹس بھی بھجوایا تھا اور نوٹس ملنے پر ملکہ برطانیہ کے بیٹے کے وکلا نے عدالت میں جواب بھی جمع کروایا تھا۔

شہزادہ ایںڈریو کے وکلا کو یقین ہے کہ ’سَرِبَمُہَر معاہدہ‘ دیکھنے اور اس میں بیان کی گئی باتوں سے ان کے موکل کو ریلیف ملے گا۔

شہزادہ اینڈریو مذکورہ کیس میں رواں ماہ اکتوبر کے اختتام سے قبل عدالت میں مقدمہ لڑنے یا نہ لڑنے کا رسمی جواب داخل کرنے کے پابند ہیں۔

Back to top button