فوجی دشمن کے ہاتھوں گرفتاری کےبجائےخود کو دھماکے سے اڑالیں، کم جونگ

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے پہلی بار باضابطہ طور پر انکشاف کیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف لڑنے والے شمالی کوریائی فوجیوں کو دشمن کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے ان فوجیوں کو ‘قومی ہیرو’ قرار دیا ہے جنہوں نے یوکرینی افواج کے ہاتھوں قیدی بننے کے بجائے دستی بموں کے ذریعے اپنی جان لینے کو ترجیح دی۔
یہ غیر معمولی اعتراف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کم جونگ ان کی ایک تقریر شائع کی ہے، جو انہوں نے جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یادگار کی افتتاحی تقریب کے دوران روسی حکام اور سوگوار خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ فوجی جنہوں نے اپنی عزت اور وقار کی خاطر ‘خود کشی اور خود کو تباہ کرنے کا راستہ’ چنا، وہ عظیم قوم کے سچے سپاہی ہیں۔
انہوں نے ان زخمی فوجیوں کو بھی محبِ وطن قرار دیا جو شدید زخمی ہونے کے باعث خود کو دھماکے سے اڑانے کے حکم پر عمل نہ کر سکے اور اس ‘ناکامی’ پر پشیمان ہیں۔
