زرداری پر الزامات ،شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
قبل ازیں شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سماعت ہوئی، شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق، انتظار پنجوتھہ اور تفتیشی افسر انسپکٹر عاشق عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا، شیخ رشید کے وکلا کی جانب سے وکالت نامہ بھی جمع کروا دیا گیا، مقدمے کے مدعی کے وکیل سلمان منیر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
جج نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا آپ کےمطابق شیخ رشید عمران خان کے قتل کی سازش کا حصہ نہیں؟ اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا وہ جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، شیخ رشید کا بیان نشر ہونے سے دو روز قبل ہی مقدمہ درج ہوگیا تھا۔
شیخ رشید کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کے سامنے بھی قتل ہوجائے تو مقدمہ اتنی جلدی درج نہیں ہوتا، پولیس نے خود انکوائری کی اور مقدمہ بھی درج کر دیا، پولیس کو چاہیے تھا کہ شیخ رشید کا موقف لیتی اور اس پرقتل کی سازش کے حوالے سے تفتیش کرتی،لیکن الٹی گنگا بہہ گئی، عمران خان کا بیان حقیقت پرمبنی ہے، عمران خان کے خلاف قتل کی سازش ہو رہی جس پر مقدمہ نہیں بنایا جا رہا، البتہ آصف زرداری کی بدنامی پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس کو کچھ برآمد نہیں ہوا، مقدمہ صرف سیاسی انتقام لینے کے لیے درج کیا گیا ہے، شیخ رشید کے گھر پر رات کو دھاوا بولا گیا، ساڑھے7 لاکھ سے زیادہ کیش پولیس لےگئی، متعدد قیمتی تحفے بھی پولیس لےگئی، پولیس شیخ رشید کی دو بلٹ پروف گاڑیاں بھی ساتھ لے گئی۔
وکیل سردار عبدالرازق کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے اب کوئی تفتیش کی ضرورت نہیں اس لیے ان کی ضمانت منظور کی جائے، ہائی کورٹ نے بھی فیصلے میں مزید کسی کارروائی سے روک دیا ہے۔جج کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے اسپتال میں وزیر داخلہ کے خلاف بیان دیا، کیا شیخ رشید کے الزامات سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ نہیں؟ وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آبادہائی کورٹ اس سے متعلقہ درخواست کو معطل کرچکی ہے، شیخ رشید نے دوران حراست بیان دیا اور دوران حراست بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔
پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ شیخ رشید دوران حراست اپنے جملوں سے بار بار مقدمے میں لگی دفعات کے مرتکب ہوتے رہے، شیخ رشیدکی جانب سے عمران خان کو قتل کرانے کا آصف زرداری کا بیان چھوٹا نہیں، آصف زرداری اور عمران خان کے بہت زیادہ فالوورز ہیں، شیخ رشید دو بڑے سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان سے سوسائٹی میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے، ہائی کورٹ نے صرف سمن کو معطل کیا تھا، شیخ رشید بہت مشکل سے گرفتار ہوئے، ضمانت ملی تو بھاگ جائیں گے، عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور اب فیصلہ 3 بجے سنایا جائے گا۔
