ایک سیاسی جماعت کا مزاج دنگا فساد اور ایک کاکرپشن ہے،مریم نواز

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نام لیے بغیر مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا مزاج دنگا فساد اور ایک کا سسٹم کے نام پر کرپشن ہے،کاش یہ جماعتیں ن لیگ کی طرح کام کررہی ہوتیں توآج ملک ترقی کررہاہوتا۔
جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ساری توجہ مسلم لیگ (ن) پر ہے حالانکہ انہیں عوامی خدمت، ڈلیوری اور پرفارمنس پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) کا مزاج خدمت اور ترقی ہے، جو حکومت عوام کا حق دہلیز تک نہ پہنچا سکے وہ ناکام ہے۔
مریم نواز نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں پاکستان کے پہلے ہارٹ ٹراسپلانٹ سینٹرکے افتتاح اور صوبے میں ہوم ڈائیلاسز منصوبے پر کام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی آج فعال ہوچکا ہے، پاکستان بھر سے مریض علاج کے لیے یہاں آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بااختیار لوگوں کو اللہ نے عوام کی خدمت کے لیے چنا ہے، روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح کے لیے فیصلے کرنا میری ذمہ داری ہے۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کا صرف مفت علاج ہی نہیں ہو رہا بلکہ مفت دوائیاں بھی دے رہے ہیں، مجھے پتا ہے سرکاری اسپتالوں میں لوگوں سے پیسے لیےجارہے ہیں، اسپتالوں کےنظام کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
