عمران خان کی پمزمنتقلی،سہیل آفریدی کاتوہین عدالت کی درخواست دائرکرنےکااعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے میں سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر عدالت کی توہین کی۔ ہم توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
عمران خان کی بہنوں کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی نے کہا 3 ججز کا حکم تھا مگر اُس پر عمل نہیں کیاگیا۔ یہ لوگ ملک کا قانون مانتے ہیں نہ عدالتوں کے احکامات مانتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ گذشتہ روز کی حرکت کے بعد اب حالات مختلف ہوگئے ہیں، اب ہمارا احتجاج مزید تیز ہوگا۔ پہلے میں نے کہا تھا 20 لاکھ افراد جمع ہوں گے۔ اب یہ تعداد دو گنا ہوگی۔
دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ دو دن کی ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے کے بعد آج پورے ملک اور قوم کے لیے ایک بوجھل دن ہے۔ گزشتہ رات جو کچھ ہوا اس کی توقع نہیں تھی۔ اس کے خلاف کل درخواست دائر کریں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کوشش کی کہ سسٹم چلے ،جمہوریت پٹری پر رہے۔ کوئی ہے جو کوشش کر رہا ہے کہ ہم پارلیمان سے باہر آئیں کوئی ہے جو کوشش کر رہا ہے کہ ہم مزید نہ رہیں۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

Back to top button