صارفین جلد ’’واٹس ایپ چینلز‘‘ پر ری پلائی بھی کر سکیں گے

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جس کے تحت وہ بہت جلد واٹس ایپ چینل پر ری پلائی کے آپشن کو استعمال کر سکیں گے، 15ستمبر کو واٹس ایپ نے دنیا بھر کے صارفین کے لیے’چینلز’ نامی فیچر متعارف کرایا، چینلز اصل میں واٹس ایپ براڈ کاسٹ فیچر کی طرح ہے جسے سیاسی، سماجی اور تمام مشہور شخصیات اور ادارے اپنی اپ ڈیٹس شیئر کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔جس ادارے یا شخصیت کی جانب سے چینلز بنایا گیا ہے اسے تمام لوگ دیکھ سکتے ہیں اور فالو کرسکتے ہیں اور ان کی ہر لمحے کی اپڈیٹ صرف ایک کلک کی دوری پر حاصل کر سکتے ہیں، چینلز پر آپ اپنی پسندیدہ شخصیت یا ادارے کو فالو کر کے ان کی اپڈیٹس پر لائک یا ایموجی کے ذریعے ردعمل دے سکتے ہیں لیکن کمنٹ یا رپلائی کرنے کا آپشن موجود نہیں ہے تاہم اب واٹس ایپ بیٹا انفو نامی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ چینلز پر رپلائی کرنے کے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے اور یہ جلد متعارف کیا جائے گا۔واٹس ایپ بیٹا انفو کی جانب سے سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کمپنی چینلز پر رپلائی کرنے کے فیچر پر کام کر رہی ہے، رپلائی کا آپشن چینلز کی پوسٹ کے ساتھ ہی موجود ہوگا، اس کے علاوہ چینل کو فالو کرنے والے صارفین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کتنے لوگوں نے اپڈیٹ پر رپلائی دیا ہے یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رپلائی کرنے کے دوران صارف کا نمبر چینلز کے ایڈمن کو ظاہر نہیں ہوگا، یعنی واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا۔واٹس ایپ چینلز اسٹیٹس والے ٹیب پر ظاہر ہوتا ہے جو دوستوں اور رشتہ داروں سے کی جانے والی چیٹ سے علیحدہ ہوتا ہے۔قبل ازیں واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اگر آپ کسی ادارے یا شخصیت کو فالو کریں گے تو آپ کی ذاتی معلومات خفیہ رکھی جائیں گی، آپ کا فون نمبر پوشیدہ رکھا جائے گا اور دوسرے فالوورز یہ نہیں جان سکتے کہ آپ نے ادارے یا شخصیت کے چینل کو فالو کیا ہوا ہے، لیکن اگر چینل کے ایڈمن کے پاس آپ کا فون نمبر محفوظ ہے تو اگر آپ نے انہیں فالو کیا ہوا ہے تو ایڈمن کے پاس آپ کا نام ظاہر ہوگا۔واضح رہے کہ واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ نے اپنے اس پلیٹ فارم پر 150 سے زائد ممالک میں یہ نیا فیچر جاری کر دیا ہے جس کے بعد دنیا بھر کی کمپنیاں، کھیلوں کی ٹیمیں، فنکار اور سیلبریٹیز اپنے چینل کے ذریعے واٹس ایپ پر صارفین کو براہ راست اور ذاتی معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔واٹس ایپ چینل بنیادی طور پر واٹس ایپ گروپس کی ہی طرح کام کر رہے ہیں لیکن اِن میں ایڈ ہونے والے صارفین اپنے خیالات کا اظہار میسجز کی بجائے صرف ایموجیز کے ذریعے کر سکتے ہیں جبکہ چینل کا پورا کنٹرول اُسے بنانے والے کے پاس ہی ہوتا ہے۔واٹس ایپ چینلز اور گروپس میں ایک اور فرق ’پرائیویسی‘ کا ہے۔ واٹس ایپ گروپس میں جہاں کوئی بھی صارف باقی تمام صارفین کو دیکھ سکتا ہے یا اُن تک رسائی حاصل کر سکتا ہے وہیں چینلز میں ایڈ تمام صارفین مکمل طور پر چھپے ہوئے ہوتے ہیں اور کوئی بھی ایک دوسرے تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔واٹس ایپ پر چینل بنانے کے لیے آپ کو سب سے پہلے ایپ میں موجود ’اپڈیٹس‘ کے آپشن پر جانا ہوگا اور اس کے بعد آپ کو پلس (+) کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔ پلس (+) کے آپشن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو ’نیو چینل‘ کے آپشن پر جانا ہوگا جس کے بعد آپ کو ’گیٹ سٹارٹڈ‘ کے آپشن پر کلک کرنا ہو گا۔یہ کرنے کے بعد آپ نے اپنے چینل کو کوئی نام دینا ہے اور پھر اپنی پسند کی تصویر لگانی ہے اور ڈسکرپشن لکھنی ہے۔یہ سب کرنے کے بعد آپ نے ’کریٹ چینل‘ کے آپشن پر کلک کر دینا ہے جس کے بعد آپ کا واٹس ایپ چینل چل پڑے گا۔
