صحافی سمیع ابراہیم گھر واپس پہنچ گئے

صحافی و اینکر پرسن سمیع ابراہیم کئی روز لاپتہ رہنے کے بعد صیح سلامت گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
صحافی نے اپنی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، واضح رہے کہ 24 مئی بروز بدھ کو آٹھ سے 10 افراد جن میں سے کچھ وردی میں موجود تھے، نے بول نیوز کے صدر اور اینکر سمیع ابراہیم کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ دارالحکومت اسلام آباد میں نجی براڈ کاسٹر کے دفتر سے گھر جا رہے تھے۔
اس سے قبل پیر کے روز، سمیع ابراہیم کی بیٹی، زینب سمیع نے ٹویٹ کیا کہ ان کے والد بحفاظت گھر پہنچ گئے ہیں، زینب نے ہر ایک کا شکریہ ادا کیا جس جس نے بھی سمیع ابراہیم کی واپسی کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔
سمیع ابراہیم کے ”دوست” سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ راجہ عامر عباس نے بھی اعلان کیا کہ سینئر صحافی سمیع ابراہیم واپس آ گئے ہیں، صحافی صدیق جان نے بھی ٹوئٹر پر سمیع ابراہیم کی واپسی کا اعلان کیا اور اُمید ظاہر کی کہ عمران ریاض خان بھی جلد واپس آ جائیں گے۔
