معاہدے کےلیے موجودہ صورت حال بہترین ہے: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری نے امریکا کو مجبور کیا ہےکہ وہ ایران کے ساتھ مفاہمت اختیار کرے، معاہدے پر پہنچنے کےلیے موجودہ صورت حال بہترین وقت ہے۔
تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کےلیے ضروری تھاکہ وہ ایران اور عمان کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار گائیڈلائنز پر عمل کرےتاہم امریکا نے یہ نہیں کیا جس پر ایران کو ردعمل دینا پڑا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہاکہ ایسی صورت حال میں عام طور پر ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہےتاکہ خلاف ورزیوں کے مسئلے سے نمٹاجائے اور اس پر کام کیا جارہا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران وقار اور فخر کے ساتھ اس راہ پر آگے بڑھے گا۔ مذاکرات اور سفارت کاری نے امریکا کو مجبور کیا ہےکہ وہ ایران کے ساتھ مفاہمت اختیار کرے،معاہدے پر پہنچنے کےلیے موجودہ صورت حال بہترین وقت ہے۔
ایران کے صدر نے امریکا کو مجرم اور استعماری حکومت قراردیا اور کہاکہ امریکا سے متعلق ایران کا رویہ نہیں بدلا۔
ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کےلیے امریکا کو شرائط پیش کردیں
انہوں نے قوم کو خبردار کیاکہ امریکا اور اسرائیل جانتےہیں کہ صرف جنگ سے ایرانیوں کو حکم ماننے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔اس لیےوہ اپنے مقاصد کے حصول کےلیے داخلی تقسیم، نااتفاقی اور تنازعات کو بطور حربہ استعمال کرسکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہاکہ قومی اتحاد اور مزاحمت ہی ملک کی سکیورٹی اور دفاعی صلاحیتوں کا تحفظ کرنے کےلیے لازم ہیں۔موجودہ صورت حال میں ایرانی عوام کو استقامت اور مزاحمت جاری رکھنا ہوگی۔
