عائزہ سے شادی کی کہانی، دانش کی زبانی

پاکستان شوبز انڈسٹری میں اگر اداکار جوڑیوں کی بات کی جائے تو ذہن میں سب سے پہلے عائزہ خان اور دانش تیمور کی خوبصورت ترین جوڑی آتی ہے۔ دونوں نے ہی پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیت کی بنا پر نام کمایا اور آج دونوں کی اپنی ایک پہچان ہے۔
یادرہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جن کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی اور 2017 میں ان کا بیٹا پیدا ہوا تھا۔
پاکستان کی کامیاب جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور کو مداح ہمیشہ سے بے حد پسند کرتے آرہے ہیں اور ان دونوں کا شمار انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا ہے جبکہ ان کے رشتے کی مثالیں بھی دی جاتی ہیں۔ عائزہ خان اور دانش تیمور ایک ساتھ کئی پروجیکٹس میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں جبکہ متعدد انٹرویوز میں یہ دونوں ایک دوسرے کو سراہتے نظر آتے ہیں۔ تاہم آج تک ان دونوں اداکاروں نے مداحوں کو یہ نہیں بتایا کہ ان کے تعلق کا آغاز ہوا کیسے یا دانش تیمور نے عائزہ کو شادی کی پیشکش کیسے اور کہاں کی لیکن اب اداکار دانش تیمور نے ایک انٹرویو میں خود اس بات سے پردہ اٹھادیا۔
اداکارہ ماریہ واسطی کو دیے ایک انٹرویو میں دانش تیمور نے عائزہ خان سے اپنے تعلق، ان سے پہلی ملاقات اور شادی کی پیشکش کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ میزبان نے دانش تیمور سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی عائزہ سے فلرٹ کیا جس کے جواب میں دانش کا کہنا تھا کہ ’عائزہ سے تو پیار تھا، عائزہ وہ واحد لڑکی ہے جس کے ساتھ میں نے کبھی فلرٹ نہیں کیا‘۔ میزبان نے کہا کہ آپ نے کب سوچا کہ آپ کو عائزہ سے محبت ہے اور آپ نے کیسے انہیں بتایا؟ جواب میں اداکار نے بتایا کہ ’میں نے عائزہ سے پہلی بات ہی یہی کی تھی کہ مجھے آپ سے شادی کرنا ہے، میں نے اس کو بولا ہی نہیں کہ مجھے آپ سے ملنا ہے‘۔
دانش نے انکشاف کیا کہ فیس بک سے پہلے ایک پلیٹ فارم ہوتا تھا جس کا نام اورکٹ ہوتا تھا۔ سب سے پہلے اس پر ہماری بات ہوئی تھی، شروع میں لڑائی بھی ہوئی، عائزہ میری مداح تھی اور بات بھی اسی طرح شروع ہوئی تھی کہ میں آپ کی فین ہوں اور مجھے آپ کا یہ شو بہت اچھا لگتا ہے۔ دانش تیمور نے کہا کہ مجھے ان سے بات کر کے ایسا لگا کہ یہ بہت سلجھی ہوئی خاتون ہیں اور ان کو شادی کے بعد میرے گھر میں ہونا چاہیے، پھر میں نے ان سے پوچھا کہ آپ مجھ سے شادی کریں گی جس پر ان کو پہلے یقین نہیں آیا۔ اداکار نے بتایا کہ عائزہ سے والدہ سے ملاقات کرانے کی درخواست کی اور پہلی بار عائزہ سے ملنے کی بجائے ان کی والدہ سے جاکر ملا۔
دانش تیمور نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ‘جب میں کالج میں تھا تو میری ایک دوست مجھے پسند کرتی تھی لیکن ایک سال بعد مجھے ایسا محسوس ہوا کہ ابھی اپنی تعلیم پر فوکس کرنا چاہیے، میں جانتا تھا ہم شادی نہیں کرسکیں گے کیوں کہ میری عمر بہت کم تھی لیکن جب میں نے اسے یہ بتایا تو اس نے یقین نہیں کیا، وہ سمجھی کہ میں کسی اور کو پسند کرتا ہوں’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس لڑکی نے زور دیا کہ میں اس کا نام بتاؤں جس سے میں پیار کرتا ہوں۔ چنانچہ صرف بات ختم کرنے کے لیے میں نے کہا کہ میں کنزہ نامی لڑکی کو پسند کرتا ہوں، یہ بات عائزہ سے ملنے سے 10 سال پہلے کی تھی اور 10 سال بعد جب میں عائزہ سے ملا اور وہ مجھے پسند آئیں تو پتا چلا کہ عائزہ کا اصل نام کنزہ ہی ہے اور میں نے اس طرح کنزہ سے ہی شادی کی’۔ دانش تیمور کا کہنا تھا کہ وہ قسمت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عائزہ آج ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔
عائزہ اور دانش ‘ساری بھول ہماری تھی’ اور ‘جب وی ویڈ’ جیسے پروجیکٹس میں اکٹھے کام کرچکے ہیں۔
