عالمی بینک کا پاکستان پر ٹیکس رعایتیں ختم کرنے پر زور

عالمی بینک نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ تمام ٹیکس رعایتیں ختم کرے اور زراعت، پراپرٹی اور ری ٹیل کاروباروں سے حاصل ہونے والی آمدنی مؤثر ٹیکس نیٹ میں لائی جائے تاکہ قلیل مدت میں جی ڈی پی کے 4 فیصد (تقریباً 4 کھرب روپے) تک اضافی آمدنی حاصل کی جا سکے۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین اور سینیئر ماہر اقتصادیات ٹوبیاس حق نے کہا کہ صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے 2 بڑے شعبوں (ریئل اسٹیٹ اور زراعت) سے وابستہ لوگوں کی زیادہ تر آمدن غیر ٹیکس شدہ ہے، جس پر صوبائی حکومتوں کو ٹیکس عائد کرنا چاہیے تاکہ سروسز کو بہتر بنایا جا سکے اور وفاق پر مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے جو ان سروسز کی مالی اعانت کر رہا ہے۔ ٹوبیاس حق نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سے جی ڈی پی کا 2 فیصد اور اور زراعت سے جی ڈی پی کا ایک فیصد ریونیو حاصل کرنا چاہیے (جوکہ آفیشل جی ڈی پی سائز کے مطابق بالترتیب 21 کھرب روپے اور 10 کھرب روپے بنتا ہے)۔عالمی بینک نے اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان کو ایک تفصیلی پالیسی پیپر جمع کرایا ہے، یہ مقالہ بہتر، توسیعی اور جدید زرعی انکم ٹیکس کے ذریعے ٹیکس محصولات میں اضافے کی ترغیب دیتا ہے۔
