قائد اعظم کو شہباز شریف اور آصف زرداری کا خراج عقیدت

پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی پروزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قائدِاعظم نے مسلمانانِ برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد کی، پوری قوم دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرقائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کا قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کے لیے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہو پاتا۔

شہباز شریف نے کہا آج قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے بابائے قوم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا، معاشی مشکلات میں گھرے وطنِ عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے، آج ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کر کے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی، قائد اعظم کی فلاسفی پر عمل پیرا ہیں۔

اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو متحد اورمضبوط بنانے کی ضمانت 1973 کا آئین ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری نے قائد اعظم کے پاکستان کو مستحکم کیا ہے۔
یا درہے کہ بابائے قوم ، برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے نجات دہندہ،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی آج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔

Back to top button